برازیل میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد اٹلی اور اسپین سے بھی زیادہ ہو گئی

ہفتے کے روز برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز تعداد اٹکی اور اسپین سے بھی تجاوز کر گئی جو ایک وقت میں کورونا کا مرکز سمجھے جاتے تھے۔ خبر ایجنسی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 17 مئی 2020 09:45

برازیل میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد اٹلی اور اسپین سے بھی ..
براسیلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی 2020ء) برازیل میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد اٹلی اور اسپین سے بھی زیادہ ہو گئی۔ ہفتے کے روز برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 14 ہزار 919 کے اضافے کے ساتھ اٹلی اور اسپین سے بھی تجاوز کر گئی جو ایک وقت میں کورونا کا مرکز سمجھے جاتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق برازیل کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد ریکارڈ سطح کو پہچ چکی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد اس وقت اٹلی اور اسپین سے بھی زائد ہو چکی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کے اعتبار سے امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 لاکھ سے بھی زائد ہو چکی ہے۔

دوسرے نمبر پر روس آتا جہاں مہلک وائرس نے 2 لاکھ 70 ہزار افراد کو متاثر کیا جبکہ تیسرا نمبر برطانیہ کا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ مذکورہ تینوں ممالک کے بعد اب چوتھے نمبر پر برازیل ہے جہاں پر مہلک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل برازیل کے وزیرِ صحت نیلسن ٹیخ نے اپنی وزارت سے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں استعفیٰ دے دیا ہے جس کی وجہ کورونا وائرس کی تیزی سے خراب ہوتی ہوئی صورت حال پر ان کے اور حکومت کے درمیان اختلافات تھی۔

انہوں نے صدر جائر بوسونارو کی جانب سے جم اور بیوٹی پارلر کھولنے کے اقدام پر تنقید کی تھی تاہم انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں کوئی وجہ بیان نہیں کی۔ ان کے پیشرو کو صدر بوسونارو سے اختلاف کرنے پر برطرف کردیا گیا تھا۔ برازیلی صدر لاک ڈاؤن اقدامات کی مخالفت کرتے رہے ہیں اور انہوں نے اسے صرف معمولی سا فلو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا پھیلنا ناگزیر ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ برازیل نے حال ہی میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے جرمنی اور فرانس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔