مودی جان لے ہم نے ابھی نندن جیسے چوزوں کو چائے پلا کر واپس بھیجا: شاہدآفریدی

ڈرپوک مودی ہمارے کشمیری بہن بھائیوں اور بزرگوں پر ظلم کررہا ہے، اس نے چھوٹے سے کشمیر کیلئے 7 لاکھ کی فوج جمع کردی ہے، مودی کو یہ نہیں پتہ کہ ہماری 7 لاکھ فوج کے پیچھے 22 کروڑ کی فوج کھڑٰی ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 مئی 2020 14:33

مودی جان لے ہم نے ابھی نندن جیسے چوزوں کو چائے پلا کر واپس بھیجا: شاہدآفریدی
مظفر آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو للکارتے ہوئے کہا کہ ہم نے ابھی نندن جیسے چوزوں کو چائے پلا کر واپس بھیجا۔ پاک فوج کی وردی میں ملبوس شاہد آفریدی نے آزاد کشمیر میں راشن کی تقسیم کی تقریب کے دوران ایک گاؤں میں لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بہت بڑی بیماری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حفظ وامان میں رکھے لیکن اس سے بڑی بیماری مودی کے دل ودماغ میں ہے اور وہ بیماری مذہب کی بیماری ہے ۔

(جاری ہے)

مذہب کو لے کر وہ سیاست کررہے ہیں اور ہمارے کشمیری بہن بھائیوں اور بزرگوں پر ظلم کررہا ہے۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ مودی کو ایک بات کا پتہ ہونا چاہئے، دلیر بننے کی کوشش کرتا ہے لیکن ہے ڈرپوک آدمی۔ چھوٹے سے کشمیر کیلئے اس نے 7 لاکھ کی فوج جمع کردی ہےجب کہ ہماری کل فوج 7 لاکھ ہے۔ مودی کو یہ نہیں پتہ کہ ہماری 7 لاکھ فوج کے پیچھے 22 کروڑ کی فوج کھڑٰی ہے۔ہم سب اپنی فوج کے ساتھ ہیں، میں پاک فوج کوسیلیوٹ پیش کرتا ہوں ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے ابھی نندن جیسے چوزوں کو ہوا میں مارنے کے بعد چائے پلا کر عزت کیساتھ واپس بھیجا ہے ۔ ہم نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ہم امن پسند قوم ہیں۔