وزیراعظم نے مارگلہ ہلز پر درختوں کی کٹائی کا سخت نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان کی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت،درختوں کی کٹائی سے متعلق تحقیقات پر کمیٹی بھی تشکیل دے دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 20 مئی 2020 16:24

وزیراعظم نے مارگلہ ہلز پر درختوں کی کٹائی کا سخت نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20مئی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے مارگلہ ہلز پر درختوں کی کٹائی پر سخت نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعظم نے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔جبکہ کہ درختوں کی کٹائی سے متعلق تحقیقات پر کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔کمیٹی کے ارکان میں وزارت موسمیاتی تبدیلی،ایم سی آئی اور سی ڈی اے شامل ہیں۔پی پی اے اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے تصدیق کی ہے۔کمیٹی تحقیقات کرے گی کہ درختوں کی کٹائی کتنا عرصہ ہوتی رہی۔کمیٹی درختوں کی کٹائی پر ایکشن نہ لینے کی تحقیقات بھی کرے گی۔تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی پیش کی جائے گی۔دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر درختوں کی کٹائی کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کو متحرک کر دیا جس پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے سی ایم او سیدہ شفق کی نگرانی میں مونال پر گیارہ سو نئے درخت لگائے ہیں جبکہ موقع سے 8 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جو درختوں کی کٹائی میں ملوث تھے علاوہ ازیں مارگلہ ہلز پر قائم نجی ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا تھا جس پرریسٹورنٹ کو دوبارہ کھول کر از خود ڈائننگ شروع کر دی گئی جس کی اطلاع انتظامیہ کو موصول ہوئی تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اے سی سٹی اور ایس پی سٹی سمیت پولیس اور انتظامیہ کی ٹیموں کے ہمراہ ریسٹورنٹ کو دوبارہ سیل کرتے ہوئے 44 افراد کو گرفتار کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مارگلہ ہلز پر درختوں کی کٹائی کے حوالے سے سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے رکھا ہے جہاں پر سماعت کے دوران سی ایم اوو ڈی جی ایڈمن سیدہ شفق، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد عدالت میں پیش ہوئے جہاں پر میئر اسلام آباد نے کہا کہ انہیں عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے جس پر عدالت نے میئر کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کا حکم دیتے ہوئے ایم سی آئی کے ذمہ دار شخص کو بریف کرنے کا کہا جس پر سی ایم او نے عدالت کو بریف کیا جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے عدالت کو بتایا کہ مارگلہ ہلز پر کوئی کرشنگ نہیں ہورہی، خلاف ورزی پر مونال کو سیل کر دیا ہے، مارگلہ ہلز پر 200 سے زائد درخت کاٹ دئیے گئے۔ عدالت نے نئے پودے لگانے کی ہدایات دی تھیں۔