امیر قوموں کو ترقی پذیر ممالک کے غربا کا خیال رکھنے کی ضرورت ہی: عالمی ادارہ صحت

جمعرات 21 مئی 2020 21:51

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2020ء) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ امیر قوموں کو ترقی پذیر ممالک کے غربا پر کورونا کی وبا کے اثرات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔عالمی ادارہ صحت کے کووڈ 19 پر خصوصی نمائندے ڈیوڈ نابارو نے بتایا کہ اس وبا کے دوران سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک کا غریب اور مزدور طبقہ ہوا ہے اور امیر ممالک کو ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایک طرف وہ مہلک وبا کے خطرے سے دوچار ہیں تو دوسری جانب غریب ممالک کے پاس صحت، خوراک اور روزگار کے کوئی مواقع موجود نہیں ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کا روزگار راتوں رات ختم ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کورونا کے پھیلاؤ کو سست کرنے کے لیے جب معاشی سرگرمیوں کو کم کیا جاتا ہے تو لوگ بہت تیزی سے اپنے روزگار ختم ہو جانے کے باعث انتہائی غربت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ براعظم ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا میں بیشتر اقوام بیروزگاری اور بھوک و افلاس کا شکار ہوئیں ہیں اور میرے خیال میں اس وبا کے ختم ہونے کے بعد دنیا کا جو منظر سامنے آتے گا اس میں خوراک کی کمی اور انتہائی غربت نمایاں ہو گی۔ ایسا دہائیوں میں پہلے کبھی نہیں ہوا ہے۔