وائٹ ہاؤس کا سابق خانساماں کورونا وائرس سے ہلاک

ولسن جرمن نے 1957 سے 2012 تک وائٹ ہاؤس میں کلینر، خانساماں اور ڈورمین کے طور پر خدمات انجام دیں

جمعہ 22 مئی 2020 14:36

وائٹ ہاؤس کا سابق خانساماں کورونا وائرس سے ہلاک
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) وائٹ ہاؤس میں طویل عرصے خدمات انجام دینے والے سابق خانساماں کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 91 سالہ ولسن جرمن نے امریکا کے 11 صدور کیلئے خدمات انجام دیں اور تقریباً 5 دہائیاں وائٹ ہاؤس میں گزاریں، وہ وائٹ ہاؤس میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے والے ملازمین میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ولسن جرمن نے 1957 سے 2012 تک وائٹ ہاؤس میں کلینر، خانساماں اور ڈورمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔انہوں نے وائٹ ہاؤس میں اپنے کیرئیر کا آغاز 1957 میں صدر آئزن ہاور کے دور سے کیا اور صدر اوبامہ کے دور تک وائٹ ہاؤس میں خدمات انجام دیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ولسن جرمن وائٹ ہاؤس میں پہلے کلینر کے طور پر کام کرتے تھے جنہیں سابق خاتون اول جیکی کینیڈی نے خانساماں کے طور پر ترقی دی تھی۔برطانوی میڈیا کے مطابق ولسن جرمن کورونا وائرس میں مبتلا تھے اور ان کی گزشتہ ہفتے موت واقع ہوئی۔امریکی صدر اوبامہ اور ان کی اہلیہ نے ولسن جرمن کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔