داعشی سربراہ کو گرفتار کرکے دہشت گردی کی بہت بڑی سازش ناکام بنا دی، عراقی وزیر اعظم

جمعہ 22 مئی 2020 15:29

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے تصدیق کی ہے کہ داعش کے نئے سربراہ عبدالناصر قرداش کو گرفتار کرلیا گیا ہے، عبدالناصرقرداش کی گرفتاری کے بعد داعش کی دہشت گردی کی ایک خطرناک سازش کا پتا چلا ہے تاہم اس سازش کو عسکریت پسند کمانڈر کی گرفتاری کے بعد ناکام بنا دیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق داعشی کمانڈر کی گرفتاری کے بعد بین الاضلاع کور آرڈی نیشن کونسل کے پہلے اجلا س کے بعد وزیراعظم الکاظمی نے کہا کہ داعشی عسکریت پسند کی گرفتاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت حکومت کے سامنے کئی اہداف ہیں، ہمارے پاس اپنے اہداف کے حصول کے سوا کوئی چارہ نہیں، عراق کو غیر مسبوق اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے، ہم مشکل فیصلے کررہے ہیں تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اہداف میں ملک میں امن ومان کاقیام، داعش کی بیخ کنی اور زول پذیر معیشت کو سنھبالا دینا ہے، داعشی سربراہ کی گرفتاری کے ذریعے ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ہدف حاصل کیا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل عراقی انٹیلی جنس حکام نے داعش کے موجودہ سربراہ اور مقتول ابو بکر البغدادی کے متوقع جانشین عبدالناصر قرداش کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا تھا۔