پی آئی اے طیارے کا ملبہ اُٹھانے کا آپریشن روک دیا گیا

تحقیقاتی ٹیم کے معائنہ کے بعد ملبہ اٹھانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جبکہ اطراف کی گلیوں سے ملبہ اٹھا لیا گیا ہے

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 23 مئی 2020 11:52

پی آئی اے طیارے کا ملبہ اُٹھانے کا آپریشن روک دیا گیا
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-23مئی2020ء) پی آئی اے طیارے کا ملبہ اُٹھانے کا آپریشن روک دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آپریشن اس لئے روکا گیا ہے کیونکہ پہلے تحقیقاتی ٹیم ملبے کا معائنہ کرے گی اور بعد میں ملبہ اٹھانے کے لئے آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آپریشن روکنے سے قبل اطراف کی گلیوں سے ملبہ اٹھا لیا تھا، تا ہم اب آپریشن کو تحقیقاتی ٹیموں کے آنے تک روک دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وفاق کی تحقیقاتی ٹیمیں بھی جلد کراچی پہنچ جائیں گی جس کے بعد تحقیق کا سلسہ شروع ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں ایک افسوس ناک واقع پیش آیا ہے جس نے ابھی تک پوری قوم کو افسردہ رکھا ہوا ہے۔ عید سے 2 دن قبل پی آئی اے کا لاہور سے کراچی جانے والا مسافر طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے پاس گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے بعد ابھی تک امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کراچی ایئرپورٹ کے قریب جمعہ کی دوپہر سوا دو بجے کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی۔ ایئربس میں 107 افراد سوار تھے جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل ہیں۔ ایئربس 320 ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ سے قبل طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

ابتدائی طور پر یہ پتا چل سکا تھا کہ طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے بالکل تیار تھا۔ پائلٹ نے لینڈنگ کا سگنل بھی دے دیا تھا۔لیکن طیارے کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا جس کے بعد طیارہ ماڈل کالونی کی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے کے فوراََ بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا جس کے بعد ملبہ اٹھانے کا کام بھی جاری تھا۔ لیکن اب تحقیقاتی ٹیم کے آنے تک ملبہ اٹھانے کا کام روک دیا گیا ہے۔