مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کی اجازت دے دی گئی

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے شاہی فرمان جاری کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 مئی 2020 13:07

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کی اجازت دے دی گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23مئی 2020ء) خادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ایک شاہی فرمان کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے اجتماع کی اجازت دے دی گئی ہے۔حرمین شریفین میں نماز عید کے اجتماع کے حوالے سے حرمین کی انتظامیہ کے سربراہ اور امام کعبہ شیخ پروفیسر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے اعلان کیا ہے کہ دونوں مقدس مقامات پر عید کی نماز کی اجازت ہو گی۔

سعودی اخبار المرصد کے مطابق شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین نے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے، جس سے انہوں نے تمام اُمت مسلمہ کے دل جیت لیے ہیں۔ اس موقع پرامام کعبہ نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری سعودی قیادت کو محفوظ رکھے،مملکت سے جلد از جلد کورونا کا خاتمہ کردے، تاکہ دُنیا بھر کے مسلمان دوبارہ سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کر سکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کوروناوبا کی وجہ سے حرمین شریفین عمرہ زائرین اور نمازیوں سے خالی ہیں۔صرف انتظامیہ کے چند درجن افراد کو ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اس صورت حال کی وجہ سے بہت رنجیدہ ہیں۔جبکہ لاکھوں عازمین حج بھی دُعا گو ہیں کہ سعودی مملکت سے جلد از جلد کورونا کا خاتمہ ہو جائے۔ العربیہ اُردو کے مطابق الحرم المکی میں ختم القرآن کی تقریب میں الحرمین پریزڈنسی کے چنیدہ ملازمین سمیت جنرل آپریشیز کے عملے نے محدود تعداد میں شرکت کی۔

حرم کے داخلی دروازوں پر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد ان خوش قسمت افراد کو ختم قرآن کی تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی۔اس مبارک تقریب کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں درجنوں افراد کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تقریب کی ویڈیو کو دُنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں نے دیکھا ہے جن کے دل طواف کعبہ سے محروم ہونے کی بنا پر انتہائی سوگوار ہیں۔

واضح رہے کہ پورا سال ہروقت لاکھوں مسلمانوں سے بھری رہنے والی مقدس ترین دونوں مساجد کو 27رمضان کو خالی دیکھ کر دنیا بھر کے مسلمان افسردہ ہوگئے ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجدالنبوی ایسی مساجد ہیں جہاں پورا سال 24گھنٹے فرزندانِ اسلام عبادات کرتے رہتے ہیں خاص طور ہر مسجدالحرام میں ہر وقت خانہ کعبہ کا طواف جاری رہتا ہے۔رمضان کے دنوں میں عبادت کرنے والوں کی تعداد مزید بڑھنے لگتی ہے اور جیسے جیسے رمضان کے آخری دن آتے ہیں رش بڑھتا جاتا ہے اور مسلمان زیادہ سے زیادہ نیکیوں کے حصول کے لیے دونوں مساجد میں عبادات کیلئے جاتے ہیں۔

رمضان کے دوران سب سے زیادہ عمرہ کرنے کیلئے مسلمان پوری دنیا سے یہاں آتے ہیں۔ لیکن اس بار کورونا وبا کی وجہ سے عمرہ بند ہے اور مساجد کو بھی عام مسلمانوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔مخصوص افراد دونوں مساجد میں عبادات کرتے ہیں۔ ایسے میں مساجد کے خالی صحن کی تصاویر دیکھ کر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان غم زدہ ہیں کیونکہ موجودہ صدی میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ مسجد الحرام میں عام مسلمانوں کی طواف کی اجازت نہیں ہے اور عبادات سے بھی روک دیا گیا ہے۔

یہ سب کورونا وبا کی وجہ سے ہوا ہے کیونکہ اسی وبا کے پھیلاوٴکو روکنے کی خاطر یہ احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں اور مساجد میں عبادات سے روکا گیا ہے۔پوری دنیا کے مسلمان بارگاہَ الہیٰ میں گڑگڑا کر اس آفت سے نجات کی دعا کر رہے ہیں تاکہ وہ ان مساجد کو آباد کرسکیں۔