معروف عالم دین، رئیس شمس العلوم جامعہ رضویہ مولانا غلام محمد سیالوی 72 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

تنظیم المدارس پاکستان کے سربراہ،رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کراچی میں نمازجنازہ پڑھائی

جمعہ 29 مئی 2020 23:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے ناظم امتحانات،معروف عالم دین،سابق چیئرمین بیت المال ،رئیس شمس العلوم جامعہ رضویہ مولانا غلام محمد سیالوی 72 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔تنظیم المدارس پاکستان کے سربراہ،رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے نمازجنازہ پڑھائی جس میں علماء کرام،مشائخ اہلسنت،اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد کے علاوہ سیاسی اورمذہبی تنظیموں کے رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وہ 43 برس سے شمس العلوم جامعہ رضویہ نارتھ ناظم آباد کراچی سے وابستہ تھے۔مولانا نے بیوہ، دو بیٹے تین بیٹیاں اور لاکھوں طلبہ سوگوار چھوڑے ہیں۔ مولانا غلام محمد سیالوی تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے ناظم امتحانات کے علاوہ قرآن بورڈ کے چیئرمین بھی تھے۔ انہوں نے بطور چیئرمین بیت المال بھی خدمات انجام دیں اوراسلامی نظریاتی کونسل کے رکن بھی رہے۔ مرحوم نے اپنی ساری زندگی اللہ کے دین کی سر بلندی اور نفاذ کے لیے وقف کر دی تھی اور ایک طویل عرصے تک درس وتدریس سے وابستہ رہے اور ہزاروں طلبہ کو دین کے علم سے سرفراز کیا جو کہ ان کے لیے صدقہ جاریہ کا باعث بنے گا۔