مظفرگڑھ، مرغی کم قیمت پر فروخت کرنے کے حکم اور بھاری جرمانوں کے خلاف مرغی فروش ایسوسی ایشن کی ہڑتال

ہفتہ 30 مئی 2020 15:41

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) مرغی کم قیمت پر فروخت کرنے کے حکم اور بھاری جرمانوں کے خلاف مرغی فروش ایسوسی ایشن نے ہڑتال کردی۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ میں مرغی فروش ایسوسی ایشن نے بھاری جرمانوں اور مرغی کم قیمت پر فروخت کرنے کے حکم کے خلاف 2 دن سے مسلسل ھڑتال کی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں مرغی فروش ایسوسی ایشن نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا بھی دیا۔

(جاری ہے)

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے راہنمائوں نے کہا کہ انہیں پولٹری فارمرز اور پولٹری ڈیلرز سے مہنگے داموں مرغی ملتی ہے اس لئے وہ مہنگی بیچنے پر مجبور ہیں۔ انتظامیہ پولٹری فارمرز اور پولٹری ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے غریب مرغی فروشوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جو سراسر غلط اور مرغی فروشوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرغی فروشوں کے خلاف کارروائیاں بند ہونے تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔