گوجرانوالہ، الائنس آف پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشنز کاایس او پیز کے تحت سکول کھولنے کا اعلان

ہفتہ 30 مئی 2020 19:32

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) الائنس آف پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشنز کاایس او پیز کے تحت سکول کھولنے کا اعلان،اگر تعلیمی ادارے نہ کھولے گئے تو گوجرانوالہ کے چھ ہزار سے زائدسکولز بندجبکہ ان میں تعلیم دینے والے ایک لاکھ سے زائد اساتذ ہ کے بیزروگارہونے کا شدید خدشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین الائنس محمد ندیم انور ، چودھری محمد شاہد، طارق محمود مغل، راؤ محمد ایوب، عظمان رشید چودھری، واجد علی قادری، دانش عقیل،عاطف جمیل،ڈاکٹر عادل رضا سیفی،عمران رفیق داروغہ،حافظ سرفراز علی ،چوہدری محمد اسحاق ،رانا شاہنوازودیگرنے الائنس آف پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشنز گوجرانوالہ کے زیراہتمام پریس میٹنگ میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر اعظم پاکستان، حکومت پنجاب، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے مطالبہ ہے کہ اب جب کہ معمولات زندگی واپسی کی جانب گامزن ہیں اور تمام اقسام کے کاروبار کھولے جا چکے ہیں، بازار، چھوٹی بڑی مارکیٹیں،شاپنگ مالز، تمام چھوٹی بڑی فیکٹریاں ،ٹرانسپورٹ اور مزیداب تو 6 جون سے تمام شادی ہالز بھی کھولنے کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں تو ایسی صورت حال میں تعلیمی اداروں کو بھی ایس او پیز کے تحت فوری طور پر کھولنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کی5کروڑطلباء کے تعلیمی نقصان کاازالہ ناممکن ہے۔