ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد کردیں

کپاس، چاول، چنا اور سبز چارے کی فصلوں کو نقصان، ٹڈی دل کے لیے این ڈی ایم اے میں ہیلپ لائنز کا آغاز ہوگیا

ہفتہ 30 مئی 2020 19:37

ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی،لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد کر دیں، ٹڈی دل کے لیے این ڈی ایم اے میں ہیلپ لائنز کا آغاز ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل نے کھیت کے کھیت اجاڑ دیئے، چاروں صوبوں کے درجنوں اضلاع بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں، لیہ میں ٹڈی دل نے ساڑھے 8 ہزار ایکٹر پر کپاس اور چارے کی فصلوں کو نقصان پہنچایا۔

متاثرہ علاقوں کی سرویلنس کیلئے سرکاری اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، بھکر، کلورکوٹ میں بھی ٹڈی دل نے تباہی مچادی، انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہ ہونے پر کسان ڈھول بجا کر فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے لگے۔رحیم یار خان اور قریبی علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ تیز ہوگیا، سیکڑوں دیہات میں فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں، ہزاروں ایکڑ پر کاشت کپاس، چاول، چنا اور سبز چارے کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف متاثرہ کسانوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کر دی، بہاولپور میں بھی ٹڈی دل نے تباہی مچا دی ہے اورکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ مونگ پھلی، کپاس، خربوزہ، سبزیاں اور گنے کی فصلیں اجڑ گئیں۔کورونا اور ٹڈی دل کے لیے این ڈی ایم اے میں الگ الگ ہیلپ لائنز کا آغاز کردیا، عوام 24گھنٹے ان نمبروں پر فون کر کہ اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں، ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔