سعودی عرب میں اندرونِ ملک پروازیں بحال کردی گئیں

مملکت میں 70فیصد مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مساجد اور بینک بھی کھل گئے جبکہ لاک ڈاؤن کے بعد سے پہلی پرواز جدہ سے ریاض روانہ ہوگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 31 مئی 2020 13:44

سعودی عرب میں اندرونِ ملک پروازیں بحال کردی گئیں
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 مئی2020ء) سعودی عرب میں اندرونِ ملک پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔ مملکت میں کورونا کے 70فیصد مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مساجد اور بینک بھی کھل گئے جبکہ لاک ڈاؤن کے بعد سے پہلی پرواز جدہ سے ریاض روانہ ہوگئی ہے۔ سعودی ٹرانسپورٹ کے وزیر صالح الجسیر نے فلائٹ سے قبل ائیرپورٹ کا معائنہ بھی کیا اور کورونا سے بچاؤ کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا جس کے بعد سعودی ائیرلائن کی پرواز مسافروں کو جدہ سے لے کر ریاض کیلئے روانہ ہوگئی۔

ملک میں فضائی سفر پر مارچ میں پابندی عائد کی گئی تھی اور اب اندرونِ ملک پروازوں پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔ سعودی عرب میں ڈھائی ماہ سے جاری کرفیو میں نرمی کی جارہی ہے اور مساجد کو بھی مرحلہ وار کھولا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

90ہزار مساجد کی سینیٹائزیشن کے بعد انہیں عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ مسجد نبویﷺ کو بھی آج عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 70 فی صد سے زیادہ مریض تندرست ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے پروٹو کول وضع کیے تھے اور ان پر عمل درآمد کی وجہ سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ان پروٹو کول میں کرونا وائرس کے علاج اور طریق کار کے تعلق سے عالمی سطح پر رونما ہونے والی کسی بھی نئی پیش رفت کی روشنی میں تجدید کی جاتی ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ سعودی عرب میں گروپ 20 میں شامل دوسرے ممالک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح انتہائی کم ہے جبکہ اس کے ہاں خلیج تعاون کونسل کے دوسرے رکن ممالک کے مقابلے میں کرونا کے مریض کی تعداد کافی زیادہ ہے۔