سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اچیومنٹ پروگرام ون کے تحت4 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں‘جبار انور چوہدری

حلقہ این اے 110 میں ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے شہریوں کوفراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی،رکن قومی اسمبلی

اتوار 31 مئی 2020 18:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اچیومنٹ پروگرامII کے تحت5کروڑ روپے کے فنڈزسے حلقہ این اے 110 میں ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے شہریوں کوفراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔یہ بات رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد نے واسا کے دورہ کے دوران مینجنگ ڈائریکٹر جبار انورچوہدری سے میٹنگ کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس کے لئے واسا کو اراکین اسمبلی کی مکمل سپورٹ حاصل رہے گی۔ ایم ڈی واسا جبار انور چوہدری نے راجہ ریاض احمد کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ 5کروڑ روپے کے فنڈز سے این ای110کے مختلف علاقوں گٹی، بھائی والا، شکیل پارک، غازی آباد، جوہر کالونی، یونین کونسل 7، 8،9،10 سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی جن کے ٹینڈر مکمل ہو چکے ہیں اور ورک آرڈر آئندہ ہفتے جاری کردئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اچیومنٹ پروگرام ون کے تحت4 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی 2 سکیموں پر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔مینجنگ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ پنجاب میڈیکل کالج میں واٹرسپلائی کی سکیم مکمل ہو چکی ہے صرف کنکشن کرنا باقی ہے جس کیلئے 15جون تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے اور اس سکیم کے آپریشنل ہونے سے پی ایم سی، الائیڈہسپتال و رہائشی کالونیوں کو سیوریج و صاف پانی کی فراہمی یقینی ہو گی۔اس موقع پر راجہ ریاض نے جبار انور چوہدری کو مینجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی اور اسے پنجاب حکومت کا بہترین فیصلہ قراردیا۔