حکومت شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ، ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کا رروائی کی تجویز زیر غور ہے

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اتوار 31 مئی 2020 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ،کورونا وائرس کے حوالہ سے ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کا رروائی کی تجویز زیر غور ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات اجاگر کرنے کے لئے جامع آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے رمضان کے وسط تک ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاہم آخری عشرہ اور عید کے مو قع پر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی انہوںنے کہاکہ دوسروں کی جانوں کو خطرہ میں ڈالنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا ،اجتماعی حفاظت زیادہ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مہلک وائرس سے متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، تمام شہریوں کو ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے 600سے زیادہ مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون پر عمل درآمد کیا گیا پنجاب اور کے پی کے میں ایریا وائز عمل درآمد ہوا جبکہ سندھ میں ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو بازاروں کو کچھ دن کے لئے بند کیا جاسکتا ہے انہوں نے ملک بھر کے ہسپتالوںمیں وینٹی لیٹرز کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کے لئے ہسپتالوں میں بستروں اور دیگر طبی سہولیات کے بارے میں معلومات دی جائے تاکہ انہیں ہرممکن بہتر علاج فراہم کیا جاسکے۔