فیصل آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا موجب بننے والے 17افراد کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے، 13 کو وارننگ بھی جاری

پیر 1 جون 2020 16:41

فیصل آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا موجب بننے والے 17افراد کے خلاف مقدمات ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) فیصل آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا موجب بننے والے 17افراد کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے ہیں جبکہ 13 کو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے نیز ڈپٹی کمشنر محمد علی نے تنبیہہ کی ہے کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں فرضی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی اور بوگس رپورٹس بھیجنے والوں کے خلاف سخت ترین محکمانہ ایکشن لیا جائے گا لہٰذا ذمہ داری کے ساتھ سرویلنس سرگرمیاں جاری رکھی جائیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خلاف مہم پورے جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے اوراس سلسلہ میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاکید کی کہ روزانہ کا سرویلنس شیڈول بنا کر عمل درآمد کرایا جائے اور انسداد ڈینگی سکواڈ فیلڈ میں کام کرتا نظر آنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے مؤثر ترین اقدامات کئے ہیں تاکہ موجودہ اور آئندہ سیزن میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔انہوں نے ڈینگی کی افزائش کا موجب بننے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوامی آگاہی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قبرستانوں کی سرویلنس کو مزید بہتر بنایا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل سطح پر انسداد ڈینگی اقدامات کی خود نگرانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بارشوں کے باعث شاہرات پر کھڑے پانی کو وائپر کے ذریعے فوری صاف کیا جائے اس سلسلے میں ویسٹ ورکرز کو متحرک کریں تاکہ کھڑا پانی ڈینگی کی افزائش کا موجب نہ بنے۔اجلاس کے دوران اینڈ رائڈ موبائل فونز سے ضلعی محکموں کی سرویلنس سرگرمیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض نے بتایا کہ ان ڈور وآئوٹ ڈور سرویلنس سمیت تالابوں میں لاروا کھانے والی مچھلیاں بھی چھوڑی گئی ہیں تاکہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکا جاسکے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل ربی چیمہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین اور دیگر ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :