عوام گھروں میں صفائی یقینی بنا کر ڈینگی بخار کے خطرے کو ختم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے،ڈپٹی کمشنرساہیوال

پیر 1 جون 2020 17:43

چیچہ وطنی ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) ڈپٹی کمشنرساہیوال ذیشان جاوید نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں میں صفائی یقینی بنا کر ڈینگی بخار کے خطرے کو ختم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں،تمام سرکاری افسران کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں صفائی کو یقینی بنائیں اور ملازمین کی تربیت کریں تاکہ دفاتر سے بھی ڈینگی لاروا ملنے کی شکایات کا خاتمہ ہو سکے۔

وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈینگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی اور ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سعد بن سعید سمیت تما م سرکاری محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے عوام پرزور دیا کہ وہ گھروں میں صفائی کے ساتھ ساتھ پانی کو بھی کھڑا نہ ہونے دیں اور گلی محلے کو بھی صاف ستھرا رکھنے میں بلدیہ کے عملے سے تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام سرکاری محکموں پر زور دیا کہ وہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنائیں تا کہ مون سون سیزن کے دوران ڈینگی مچھروں کی افزائش روکی جا سکے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعد بن سعید نے بتایا کہ ضلع بھر میں 21ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں لاروا موجود تھا جن کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور صفائی کو بھی یقینی بنایا گیاہیانہوں نے مزید بتایا کہ مئی کے دوران 2لاکھ 33ہزار سے زائد گھروں اور 2لاکھ 72ہزار5سو سے زائد جگہوں کا معائنہ کیا گیا اور مکینوں کو صفائی سے متعلق ہدایات دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :