لاہور،وزیر خوراک پنجاب کا صوبے میں آٹے کی سبسڈی میں تبدیلی لانے کا عندیہ

فلور ملز و اداروں کی بجائے عام آدمی کو بلا واسطہ فائدہ ہو،"ٹارگٹڈ سبسڈی" ہونی چاہئے، عبدالعلیم خان

پیر 1 جون 2020 20:28

لاہور،وزیر خوراک پنجاب کا صوبے میں آٹے کی سبسڈی میں تبدیلی لانے کا ..
لاہور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے میں گندم و آٹے کی سبسڈی کے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کا عندیہ دیتے ہوئے محکمہ خوراک کو ٹاسک سونپ دیا ہے کہ وہ نئے خطوط پر سبسڈی کیلئے سفارشات تیار کرے جس میں فلور ملز و اداروں کی بجائے اس سبسڈی کا فائدہ بلا واسطہ طور پر نچلے طبقے اور عام آدمی کو پہنچ سکے۔

یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب میں "ٹارگٹڈ سبسڈی"کیلئے ہوم ورک مکمل کریں جس میں وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی سبسڈی کو ایک نئے لائحہ عمل کے تحت ترتیب دے رہے ہیں،فائیو سٹار ہوٹل اور غریب آدمی کے گھر پر ایک ہی قیمت پر آٹے کی فراہمی غریب لوگوں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے جس کا ازالہ نئے سبسڈی نظام میں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ مہنگے ہوٹلوں اور ڈھابے پر ایک ہی قیمت پر آٹے کی فراہمی نہیں ہونی چاہیے ،موجودہ پریکٹس کے مطابق حکومت مجموعی طور پر آٹے کو سبسڈائز ڈ کر دیتی ہے جس کے بعد امیر اور غریب آدمی کو ایک ہی قیمت پر آٹے اور روٹی کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں غریب آدمی تک زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچانے کے لئے اقدامات کریں گے جس کے تحت گندم و آٹے پر سبسڈی زیادہ لیکن مخصوص طبقے کے لئے ہو گی ۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے احساس پروگرام کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جا سکتی ہے تاکہ صحیح معنوں میں حقدار لوگوں تک اس سبسڈی کا فائدہ پہنچایا جا سکے۔انہوں نے محکمہ خوراک کے حکام کو سبسڈی کے اس نئے نظام پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور سیکرٹری خوراک کو اس عمل کی نگرانی کرتے ہوئے جلد از جلد سفارشات مکمل کرنے کے لئے کہا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد سبسڈی کے اس نئے نظام کے مسودے کو وزیر اعظم عمران خان کو پیش کیا جائے گا جو پہلے سے موجود سسٹم کا بہتر متبادل ثابت ہوگا۔