محکمہ تحفظ ماحولیا ت کے زیر اہتمام ماحولیات کا عالمی دن کل منایا جائے گا

بدھ 3 جون 2020 15:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) محکمہ تحفظ ماحولیا ت فیصل ۱ٓبادکے زیر اہتمام ماحولیات کا عالمی دن(انٹرنیشنل انوائرمینٹل پروٹیکشن ڈی) کل 5جون بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس موقع پر محکمہ تحفظ ماحولیات حکومت پنجاب اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے کام کرنے والی بعض دیگر این جی اوز اورضلعی انتظامی اداروں کی جانب سے عوام میں شعور و ۱ٓگاہی پیدا کر نے کیلئے خصوصی معلوماتی و اطلاعاتی لٹریچر بھی تقسیم کیا جا ئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 15 دسمبر 1972ء کے چارٹر کے مطابق عالمی یوم ماحولیات کے سلسلہ میں تحفظ ماحول کی اہمیت کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے شعوری آگاہی کی غرض سے دیگر اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ قدرتی جنگلات کے وسیع پیمانے پر صفایا ، چاروں اطراف گاڑیوں کے دھوئیں ،شور ، جگہ جگہ گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں ، ضرر رساں گرم گیسوں کے وسیع پیمانے پر اخراج ، نصف سے زائد آبی خطوں کی بربادی ، آبی مخلوق کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی تعداد نے ماحولیاتی وفضائی آلودگی میں اضافہ کر دیا ہے جس سے جہاں فطرت کا حسن آلودہ ہورہا ہے وہیں بے شمار بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں۔