شاہ محمود قریشی سے ازبک سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، اقتصادی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ٓآپ سے پاک ازبک تعلقات کو مزید وسعت ملے گی اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا، شا ہ محمود قریشی ازبکستان، پاکستان کی کاٹن انڈسٹری کی معاونت اور معیاری کپاس کی پیداوار کیلئے پاکستان کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہے ، ازبک سفیر

جمعرات 4 جون 2020 15:04

شاہ محمود قریشی سے ازبک سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، اقتصادی سفارت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) پاکستان میں ازبک سفیر فرقات صدیقوف نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں اپنا عرصہ تعیناتی کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کرنے پر ازبک سفیر فرقات صدیقوف کو مبارکباد پیش کی ۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ازبک سفیر کی خدمات کو سراہا۔وزیر خارجہ نے ازبک سفیر فرقات صدیقوف کو بطور نائب وزیر خارجہ ازبکستان تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ کے اس منصب پر فائز ہونے سے پاک ازبک تعلقات کو مزید وسعت ملے گی اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا ۔ازبک سفیر نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ازبکستان پاکستان سے بیس ہزار میٹرک ٹن آلو خریدنے کا خواہاں ہے ۔ ازبک سفیر نے کہاکہ ازبکستان، پاکستان کی کاٹن انڈسٹری کی معاونت اور معیاری کپاس کی پیداوار کیلئے پاکستان کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہے - ازبک سفیر ن کہاکہ ازبکستان ،زرعی آلات کی تیاری اور فراہمی میں پاکستان کی معاونت کریگا - وزیر خارجہ نے فرقات صدیقوف کیلئے نیک خواہشات اظہار کیا ۔ازبک سفیر نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور افغانستان میں فروغ امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا۔