آج سعودی عرب کی تمام مساجد میں جمعہ کا خطبہ کورونا پر دیا جائے گا

مملکت کی 3 ہزار 869مساجد میں نماز جمعہ ادا کی جائے گی، احتیاطی تدابیر او ر سماجی فاصلے کی بھی پابندی ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 5 جون 2020 09:15

آج سعودی عرب کی تمام مساجد میں جمعہ کا خطبہ کورونا پر دیا جائے گا
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 جون 2020ء) آ ج سعودی مملکت کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز کا خطبہ کورونا پر دیا جائے گا۔ جس میں ائمہ کرام اس مہلک وبا کی تباہ کاریوں کو مذہبی حوالے سے بیان کریں گے اور لوگوں کو شرعی تعلیمات کی رُو سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین بھی کریں گے۔یہ خطبہ وزارت اسلامی امور کی جانب سے تمام مساجد کے ائمہ کرام کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

اس خطبہ میں بتایا جائے گا کہ کورونا سے بچاوٴ کے لیے انفرادی ذمہ داریوں کی پابندی کرتے ہوئے معاشرے کو کس طرح اس وبائی مرض سے محفوظ کیا جائے، اور اس وبائی مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔اُردو نیوز کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں 3 ہزار 869 مساجد کی انتظامیہ کو جمعے کی نماز کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جامع مساجد کے علاوہ دیگر چھوٹی مساجد میں جہاں عام طور پر جمعے کی نماز ادا نہیں کی جاتی وہاں بھی عارضی طور پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی تاکہ ان علاقوں میں رہنے والوں کو جامع مسجد جانے میں دشواری نہ ہو اور جامع مسجدوں میں لوگوں کا رش نہ ہو۔ وزارت اسلامی امور نے مساجد کے ائمہ کو ہدایت کی ہے کہ کورونا سے متعلق وزارت اسلامی امور کی جانب سے تیار کیا گیا جمعے کا خطبہ ہی دیا جائے۔

وزارت اسلامی امور کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عارضی طور پر مملکت کے مختلف شہروں میں جن چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں ریاض میں 656، مکہ میں 455، مدینہ 165، شرقیہ 484، قصیم 205، الجوف 92، عسیر 400، باحہ 84، حائل 257، تبوک 74، جازان 816، نجران 60 اور شمالی حدود کی 121 چھوٹی مساجد شامل ہیں۔کورونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے سعودی عرب میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے باجماعت نماز کی ادائیگی عارضی طور پر روک دی گئی تھی تاہم تقریبا ڈھائی ماہ کے بعد کل (جمعے کو) مملکت کی تمام مساجد میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مساجد میں نماز اور عبادت کے لیے نیا میکا نزم تیار کیا ہے۔مساجد کو اذان سے پندرہ منٹ قبل کھولا جائے گا اور فرض نماز کی ادائی کے 10 منٹ کے بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔ اذان اور اقامت کے درمیان 10 منٹ کا وققہ ہوگا۔ نمازوں کی ادائی کے دوران مساجد کے تمام دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔ عارضی طور پر مساجد سے قرآن پاک کے نسخے اور کتب اٹھا لی گئی ہیں۔

نئے میکانزم کے تحت دو نمازیوں کے درمیان دو نمازیوں کی جگہ خالی چھوڑی جائے گی جب کہ دو صفوں کے درمیان ایک صف خالی رکھی جائے گی۔مساجد کے تمام واٹر کولر بند کردیے جائیں گے۔ مساجد میں کسی قسم کے کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازوں کے ادائی کے دوران مساجد کی وضو گاہ کو بند رکھا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وضو گھروں سے کرکے مساجد میں آئیں۔