شام کے شہر حماء میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری ،نو ایرانی جنگجو ہلاک

یہ واضح نہیں ہلاک ہونیوالے شامی فوجی ہیں یا سول جنگجو، پانچ کی شناخت نہیں ہوسکی،شامی آبزرویٹری

جمعہ 5 جون 2020 11:35

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنیوالے گروپ سیرین آبرزویٹری نے کہاہے کہ حما شہر کے نواحی علاقے میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم 9 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چار جنگجوئوں کا تعلق شام اور پانچ کا دوسرے ملکوں سے بتایا جاتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق المرصد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی طیاروں کی بم باری سے ہلاک ہونے والوں میں چار شامی جنگجو شامل ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا وہ شامی فوجی ہیں یا سول جنگجو، ہلاک ہونے والے پانچ جنگجوئوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا تھاکہ بمباری کے نتیجے میں متعدد جنگجو زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے آبزرور رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ حماء کے مغرب میں اسرائیلی بمبار طیاروں نے ایک ڈیفنس فیکٹری اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ایک سائنسی مرکز کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بمباری کا نشانہ بنائے جانیوالے مراکز شامی فوج کے زیرانتظام ہیں۔

ادھر شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام حمامیں ایک غیرملکی فضائی حملے کو پسپا کردیا گیا۔ سانا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ طیاروں کی مدد سے متعدد سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ شامی فوج نے اس حملے کو روکنے کے لیے بھرپور جواب دیا ہے تاہم اس کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔اسرائیلی حملے میں شام میں ایک سائنسی تحقیقی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کا دعویٰ ایران شام میں قائم ان سائنسی مراکز میں میزایل اور دیگر اسلحہ تیار کررہا ہے۔