ایوان بالاکا اجلاس، عوامی اہمیت امور پر متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کی چھ رپورٹس پیش کی گئیں

جمعہ 5 جون 2020 12:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ایوان بالا کے اجلاس میں عوامی اہمیت کے مختلف امور پر متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کی چھ رپورٹس پیش کی گئیں۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے عملدرآمد کی جانب سے سینیٹر دلاور خان نے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے چھٹیوں کی فیس وصول کرنے سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

سینیٹر اسد اشرف نے پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ ٹریفک کی مانیٹرنگ کے لئے قواعد و ضوابط کی تعمیل کئے بغیر ٹھیکہ اسرائیلی خفیہ ادارے کے پارٹنر کمپنی کو دینے سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ سینیٹر اسد اشرف نے وفاقی سرکاری محکموں میں بھرتی کے لئے عمر کی حد میں مزید دو سال رعایت دینے سے متعلقہ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

(جاری ہے)

سینیٹر اسد اشرف نے پی ٹی ڈی سی کے ملازمین کے تاریک مستقبل سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

سینیٹر ہلال الرحمن نے اس وقت ملک میں موجود پناہ گزینوں کی تعداد، یو این ایچ سی آر سمیت دیگر اداروں سے موصول شدہ امداد اور پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں سے متعلقہ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے مخصوص ٹیکس قوانین میں مزید ترمیم کے مالیاتی بل (ٹیکس قوانین (ترمیمی) بل 2019ئ) پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔