پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے ضمن میں آگاہی ، ٹریفک قوانین کی پابندی ،روڈ سیفٹی ،سڑک کے حادثات اور دیگر واقعات بارے شعور پیدا کرنے کی غرض سے لیکچرز کی فراہمی کا سلسلہ جاری

جمعہ 5 جون 2020 13:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن کے موبائل ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے کورونا وائرس کی ابتر صورتحال کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے ضمن میں آگاہی، ٹریفک قوانین کی پابندی ،روڈ سیفٹی ،سڑک کے حادثات اور دیگر واقعات بارے شعور پیدا کرنے کی غرض سے لیکچرز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور موبائل ایجوکیشن یونٹ کے انچارج سب انسپکٹر محمد رضوان بھٹی سمیت ان کی ٹیم کی جانب سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں پٹرول پمپس ، بینک ،ویگن سٹینڈز اور دیگر مقامات پر جاکر متعلقہ افراد کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے تاکہ ایک طرف جہاں ٹریفک قوانین کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایاجاسکے وہیں ٹریفک کے حادثات میں ہونے والے جانی ومالی نقصان کے بچاؤ میں بھی مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

پی ایچ پی فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے جمعہ کے روز اے پی پی کو بتایاکہ ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن چوہدری فاروق احمد ہندل کی سربراہی میں موبائل ایجوکیشن یونٹ نے یکم جنوری 2020ء سے لے کر آج تک جامع مہم کے تحت ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے 75ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹس ، 49پٹرول پمپس ، 35بینکس ،56دیہاتوں ،41یونین کونسلوں، 50ہسپتالوں، 67گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں، 94کمرشل مارکیٹوں ،76رکشہ وبس سٹینڈز ، 90عوامی مقامات ،88روڈ شوز،8سیمینارز کے انعقاد کے علاوہ 45948 معلوماتی ،اطلاعاتی وآگاہی پمفلٹس کی تقسیم بھی یقینی بنائی ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ اس دوران شہریوں کو پٹرولنگ پولیس کی ہیلپ لائن 1124کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا ہے اور بتایاگیا ہے کہ وہ کس طرح اور کس قسم کے واقعات میں فوری پٹرولنگ پولیس کی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔