آئی سی سی کرکٹ کمیٹی چیف انیل کمبلے کا سپنرز کو بہلاوا

تھوک پرپابندی ٹیسٹ کرکٹ میں شریک اسپنرز میں نئی روح پھونک دے گی: سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 جون 2020 14:44

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی چیف انیل کمبلے کا سپنرز کو بہلاوا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5جون 2020ء ) آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ انیل کمبلے نے سپن بائولرز کو بہلانا شروع کردیا جن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران گیند کو چمکانے کیلئے تھوک پر پابندی ٹیسٹ کرکٹ میں شریک سپنرز میں نئی روح پھونک دے گی۔ واضح رہے کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آئی سی سی نے طبی ماہرین کی ہدایت پر تھوک کے استعمال پر عارضی پابندی لگا دی ہے جس کے سبب پیسرز کو بال سوئنگ کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں لیکن 49 سالہ انیل کمبلے کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سپن بالرز میچوں کے نتائج پر بہت زیادہ اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

سابق بھارتی لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ بالرز کی مدد کیلئے وکٹ پر گھاس چھوڑی جا سکتی ہے یا پھر سپن بالنگ کیلئے سازگار وکٹوں پر دو سپنرز بھی آزمائے جا سکتے ہیں اور وہ آسٹریلیا یا انگلینڈ میں بہ یک وقت دو سپنرز کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہیں گے جو کوئی عام سی بات نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں میں گیند کو چمکانے کی کوئی پریشانی نہیں ہوتی لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں اب سپنرز کو واپس لانا ہی ہوگا جن کیلئے گراؤنڈ سٹاف کو سازگار وکٹیں بنانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچوں کے دوران پلیئرز ایسی وکٹوں پر کھیلنے کے خواہاں ہوتے ہیں جن پر بیٹ اور بال میں توازن قائم رہے تاہم موجودہ حالات میں ہر ایک کی اولین ترجیح یہی ہے کہ کسی طرح کرکٹ کا آغاز ہو جائے ۔