تاجر نوفیس ماسک نو سروس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں،خلاف ورزی کی صورت میں کاروباری مراکز کو تاحکم ثانی بند کر دیا جائیگا،ڈپٹی کمشنر سرگودھا

جمعہ 5 جون 2020 19:18

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے تاجروں پر زور دیا کہ نوفیس ماسک نو سروس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ورنہ خلاف ورزی کی صورت میں کاروباری مراکز کو تاحکم ثانی بند کر دیا جائیگا۔اس لئے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں،بازاروں اور منڈی میں حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز،ماسک کے استعمال،سینیٹائزر اور سماجی فاصلوں پر سختی سے عمل درآمد کروایاجائے ورنہ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے تاجروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ مارکیٹوں بازاروں میں واش بیسن اورصابن سمیت ہاتھ دھونے کے تمام انتظامات کویقینی بنائیں۔انہوں نے ڈی اوانٹر پرائز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ لیبر کو تمام فیکٹریوں بیکو لائٹس یونٹس کا دورہ کر کے ایس اوپیز کو چیک کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی فیکٹریوں کو فوری سیل کرنے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے تاجروں کو مقرر کردہ قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایاجارہا ہے۔اجلاس میں آٹا،چینی،دالیں،گھی،پولٹری اور گوشت سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی طلب ورست کو مد نظر رکھتے ہوئے قیمتیں مقرر کرنے کے حوالہ سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔

جو پٹرول مصنوعات میں کمی کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا از سر نو جائزہ لے کر آئندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرئے گی۔اس سب کمیٹی میں مختلف تاجر نمائندوں کو ممبران شامل کیاگیا۔اجلاس میں تاجران وفد نے کورونا کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔