دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس‘ 11 شیر فروش گرفتار

بورڈ بازار‘ تاج آباد اور کارخانوں مارکیٹ میں ناغے کے دن گوشت کی خرید و فروخت کرنے پر 5 قصاب دھر لئے گئے

بدھ 10 جون 2020 16:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2020ء) محکمہ خوراک نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں غیر قانونی طور پر اضافہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے 11 شیر فروشوں سمیت 18 افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر خان لودھی، سیکرٹری خوراک نثار احمد، ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر احمد، کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی زیرنگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر وحید یوسف نے بورڈ بازار‘ تاج آباد اور کارخانوں مارکیٹ میں عام شہری کے روپ میں دودھ کی دکانوں سے دہی اور دودھ کی خریداری کی اور بعد ازاں کارروائی کرتے ہوئے مقررہ نرخ سے تجاوز کرنے پر 11 جبکہ ناغے کے دن گوشت کی خرید و فروخت کرنے پر 5 قصابوں اور سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر2 سبزی فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی عوامی شکایات اور اخبارات میں چھپنے والی خبروں پر نوٹس لیکر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی لائق تحسین ہے جس سے براہ راست فائدہ عوام کو ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری محکمہ خوراک کے شکایات سیل پر گرانفروشوں سے متعلق اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخنامے کو نظر انداز کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :