ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ نہ ہوسکا

آئی سی سی کا آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2020 کے انعقاد کا فیصلہ ایک ماہ کے لیے موخر کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھنے کا فیصلہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 10 جون 2020 20:57

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ نہ ہوسکا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جون2020ء) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ نہ ہوسکا، تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ اجلاس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے انعقاد کا حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے اور آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں اہم فیصلے مئوخر کردیے گئے ہیں۔ آئی سی سی نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2020 کے انعقاد کا فیصلہ ایک ماہ کے لیے موخر کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ ویمنز ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے بھی فیصلہ ایک ماہ کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں آئی سی سی نے کورونا وائرس کے دوران تمام آپشنز پر غور جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے 2023 کےٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش ظاہر کردی ہے۔

(جاری ہے)

امریکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آئن ہیگنس نے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ 1994ء میں ہونیوالے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی میں امریکہ کی کامیابی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد میں اس کی بولی میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں آئن ہیگنس نے کہا کہ امریکا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ 2023ء سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹورنامنٹ کروانے والے ممالک میں شامل ہے۔ امریکا میں 1994ء میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچز ریکارڈ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ شائقین نے دیکھے۔ یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آئن ہیگنس نے مزید کہا کہ امریکہ کو 2019ء کے آغاز میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی حیثیت حاصل ہوئی تھی جس کے بعد امریکی ٹیم نے دسمبر میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ مایہ ناز آل راؤنڈر لیام پلنکٹ بھی امریکا کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں۔ ہیگنس نے کہا کہ امریکہ اگلی دہائی میں ٹیسٹ کی حیثیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسی ٹیم بنانا ہے جو مختصر مدت میں آئی سی سی کی تمام ممالک کی ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کر سکے اور اگلے 10 سالوں میں آئی سی سی کا مکمل ممبر بننا ہے۔