’’کمالِ فن ایوارڈ 2018‘‘ کا اعلان آج ہوگا

اتوار 14 جون 2020 18:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2020ء) اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے قومی ادبی ایوارڈ ’’کمالِ فن ایوارڈ 2018‘‘ کا اعلان پیر، 15جون 2020، بوقت 11:30 بجے صبح، اکادمی ادبیات پاکستان، ایچ 8/1، پطرس بخاری روڈ، اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ کمال فن ایوارڈ کا فیصلہ پاکستان کے معتبرو مستند اہلِ دانش پر مشتمل منصفین کا پینل کرے گا۔

دیگر شہروں سے جیوری ممبران لائن شرکت کریں گے۔ چیئرمین اکادمی ڈاکٹر یوسف خشک سینئر ادیبوں پر مشتمل جیوری کے فیصلے کے بعد اعلان کریں گے۔ "کمالِ فن ایوارڈ" اور "قومی ادبی ایوارڈز" ادب کے لیے قومی سطح پر ملک کے اہم ترین ایوارڈز ہیں۔ ’’کمالِ فن ایوارڈ‘‘ زندگی بھر کی ادبی خدمات پر پیش کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ایوارڈ کے ساتھ دس لاکھ روپے دیے جاتے ہیں۔

اس موقع پرسال 2018 کے "قومی ادبی ایوارڈز" کا اعلان بھی کیا جائے گا جس میں سال 2018 میں شائع ہونے والی بہترین کتابوں پر اردو شاعری کے لیے ’’ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال ایوارڈ‘‘، اردو تحقیق و تنقید ’’بابائے اردو ڈاکٹر مولوی عبدالحق ایوارڈ‘‘، اردو تخلیقی ادب ’’سعادت حسن منٹو ایوارڈ‘‘، پنجابی شاعری ’’سید وارث شاہ ایوارڈ‘‘، پنجابی نثر ’’افضل احسن رندھاوا ایوارڈ‘‘، سندھی شاعری ’’شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ ایوارڈ‘‘، سندھی نثر ’’مرزا قلیچ بیگ ایوارڈ‘‘، پشتو شاعری ’’خوشحال خان خٹک ایوارڈ‘‘، پشتو نثر ’’محمد اجمل خان خٹک ایوارڈ‘‘، بلوچی شاعری ’’مست توکلی ایوارڈ‘‘، بلوچی نثر ’’سیّد ظہور شاہ ہاشمی ایوارڈ‘‘، سرائیکی شاعری ’’خواجہ غلام فریدؒ ایوارڈ‘‘، سرائیکی نثر ’’ڈاکٹر مہرعبدالحق ایوارڈ‘‘، براہوئی شاعری ’’تاج محمد تاجل ایوارڈ‘‘، براہوئی نثر’’غلام نبی راہی ایوارڈ‘‘، ہندکو شاعری ’’سائیں احمد علی ایوارڈ‘‘، ہندکو نثر ’’خاطر غزنوی ایوارڈ‘‘، انگریزی شاعری ’’دائود کمال ایوارڈ‘‘ اور انگریزی نثر ’’پطرس بخاری ایوارڈ‘‘ کے علاوہ بہترین ترجمہ کی کتاب پر ’’محمد حسن عسکری ایوارڈ‘‘ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

قومی ادبی ایوارڈ کی رقم فی ایوارڈ دو لاکھ روپے ہے۔

متعلقہ عنوان :