وزیراعظم کی ٹائیگرفورس کے متعدد افراد کام کرنے کیلئے راضی نہیں

ٹائیگرفورس سے متعلق وزیراعظم کے38اجلاس ہوئے، لیکن جامع ایکشن پلان سامنے نہیں آسکا، متعدد ڈپٹی کمشنرز نے بھی تحفظات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع سیکرٹریٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 جون 2020 20:10

وزیراعظم کی ٹائیگرفورس کے متعدد افراد کام کرنے کیلئے راضی نہیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جون 2020ء) وزیراعظم کی ٹائیگرفورس کے متعدد افراد کام کرنے کیلئے راضی نہیں ، ٹائیگر فورس سے متعلق وزیراعظم کے38 اجلاس ہوئے ، لیکن جامع ایکشن پلان سامنے نہیں آسکا، متعدد ڈپٹی کمشنرز نے بھی تحفظات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا، لیکن ٹائیگرفورس فعال نہ ہوسکی۔

ٹائیگرفورس پر وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور بیورو کریسی کے درمیان 38 اجلاس ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹائیگرفورس کی حتمی فہرستیں تیار ہوسکی ہیں اور نہ ہی واضح ایکشن پلان سامنے آسکا۔ ٹائیگرفورس کو کبھی جیکٹس اور کبھی شناختی کارڈ دینے کی تجاویز دی گئیں۔

(جاری ہے)

ٹائیگرفورس کی جو فہرستیں مرتب کی گئیں، ان میں متعدد افراد کام کرنے کو ہی راضی نہیں ہیں۔

پنجاب کے متعدد ڈپٹی کمشنرز نے بھی ٹائیگر فورس پر تحفظات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب شاہ محمود قریشی دوروز قبل اپنےعلاقے میں ٹائیگر فورس کی 60 فیصد حاضری کا تناسب بتا چکے ہیں۔ جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ٹائیگرفورس میں شامل افراد کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ ٹائیگرفورس کو فعال کیا جائے گا جو کہ ان علاقوں میں لوگوں کی مدد کریں گے اور باقی علاقوں میں ایس اوپیز ہر عمل درآمد کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گے۔

خیال رہے
ضلعی انتظامیہ لاہور نے کورونا وباء سے زیادہ متاثرہ اور سیل کیے جانے والے علاقوں کی فہرست جاری کی ہے، جس کے تحت لاہو کے50 علاقوں کو سیل کردیا گیا۔ ان علاقوں میں عسکری 10، ڈیفنس فیز5، کینال ویو بی بلاک، پی سی ایس آئی آر ٹو ، رائل پارک، قلعہ گجر سنگھ ، رام نگر، کریم پارک کے علاقے، بادامی باغ ، داروغہ والا، مناواں ، تاج پورہ ، چونگی امر سدھو، شاد باغ ، بیگم کوٹ، راوی کلفٹن شاہدرہ کے علاقے بھی سیل کیا گیا ہے۔

جوہر ٹاؤن کا بی ، ایف ٹو،جے ٹو، اور جی تھری بلاک سیل کیے جائیں گے۔ واپڈا ٹاؤن ایف ٹو، جی بلاک ، گارڈن ٹاؤن کے احمد بلاک، ٹیپو بلاک، بابر بلاک، اورنگزیب، طارق، شیر شاہ بلاک سیل ہوں گے۔ گلبرگ کے چند بلاکس، گلبرگ کے، گلبرگ 1 اور گلبرگ 3 ، قصوری روڈ، ایم ایم عالم روڈ، گرومانگٹ روڈ اے 1 بلاک، بی1 بلاک ، کبوتر پورہ، نبی پورہ کے علاقے سیل کردیا گیا ہے۔

گلبرگ 3، ظفر علی روڈ، ظہور الہیٰ روڈ، صدر اقبال روڈ، مین مارکیٹ، سینٹ میری کالونی سیل ہوں گے۔ جلوموڑ، دھوبی محلہ، پی اوبکس باٹا پور اے بلاک، بسم اللہ ہاؤسنگ اسکیم کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح کراچی میں بھی 6 اضلاع میں متعدد علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔