روس میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی

پیر 22 جون 2020 10:20

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2020ء) روس میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ پیر کو روسی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 584680 ہے جن میں سے اب تک 8111 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ روسی حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 236858 ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق دارالحکومت ماسکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ماسکو کے کوویڈ 19 رسپانس سنٹر کے مطابق دارالحکومت میں مرنے والوں ان افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل مہلک وائرس کے باعث 32 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ ماسکو میں کورونا وائرس سے اب تک 3617 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس کے نیشنل کورونا وائرس رسپانس سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 7728 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔