دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کر گئی

عالمی صطح پر مصدقہ کیسز کی تعداد 1 کروڑ 5 ہزار ہوگئی، کل 4 لاکھ 98 ہزار سے زائد اموت، امریکا، برازیل اور روس سب سے زیادہ متاثرہ ممالک قرار

muhammad ali محمد علی اتوار 28 جون 2020 00:20

دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کر گئی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2020ء) دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کر گئی، عالمی صطح پر مصدقہ کیسز کی تعداد 1 کروڑ 5 ہزار ہوگئی، کل 4 لاکھ 98 ہزار سے زائد اموت، امریکا، برازیل اور روس سب سے زیادہ متاثرہ ممالک قرار۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 5 ہزار 446 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 98 ہزار 996 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 41 لاکھ 28 ہزار 208 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 610 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 54 لاکھ 23 ہزار 766 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 28 ہزار 089 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 25 لاکھ 88 ہزار 956 ہو چکی ہے۔امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 13 لاکھ 85 ہزار 613 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 15 ہزار 765 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 10 لاکھ 75 ہزار 703 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 13 ہزار 54 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 57 ہزار 109 زندگیاں نگل چکا ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 8 ہزار 969 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 27 ہزار 794 ہو چکی ہے۔بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے، جہا ں کورونا سے 16 ہزار 689 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 514 ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 43 ہزار 514 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار 360 ہو چکی ہے۔ پاکستان اس فہرست میں 12 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار سے زائد اور اموات 4 ہزار سے زائد ہیں۔ پاکستان کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے۔ جبکہ ایران پہلے اور ترکی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔