عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے آب پاک اتھارٹی تشکیل

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اڑھائی ارب روپے کی رقوم مختص

منگل 30 جون 2020 22:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2020ء) حکومت پنجاب نے ایک جامع حکمت عملی کے تحت عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے آب پاک اتھارٹی تشکیل دی ہے جس کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اڑھائی ارب روپے کی رقوم مختص کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے راولپنڈی سمیت مختلف بڑے شہروں میں پانی کو ضیاع سے بچانے کی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کے لئے تقریباً پانچ ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے جس سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے جائیں گے۔

اس امر کا انکشاف نئے مالی سال کے لئے پنجاب بجٹ کی تفصیلات میں کیا گیا ہے۔ایم پی اے امجد محمود چوہدری نے عوام کے لئے شہری سہولیات کی بہتری اور مجموعی سماجی فلاح و ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے تاریخی ترقیاتی وژن کی بدولت عوامی فلاح و بہبود کی شاندار روایات سامنے آئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام سے متعلقہ تمام شعبوں کی ترویج و ترقی پر حکومت کی اولین توجہ قابلِ ستائش ہے۔ایم پی اے امجد محمود چوہدری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تعلیم و صحت،زراعت و لائیو سٹاک،ذرائع آمدورفت خصوصاًً کھیت سے منڈی تک سڑکوں کے وسیع نیٹ ورک کی تعمیر،وسائل آبپاشی کی جدید خطوط پر ترقی کے لئے حکومت پنجاب کے جاری اقدامات جلد ثمر بار ہونگے اور صوبہ کے عوام جدید ترقی کے روشن دور سے آشنا ہونگے۔