ٹرمپ کی جارج واشنگٹن کی یادگار کی توڑپھوڑ کرنے والوں کو10سال قید کی دھمکی

مین ہٹن میںیادگاری مجسمے پر رنگ پھینکنے اور اس کی توڑپھوڑ کرنے والوں کا تعاقب جاری ہے،ٹرمپ

بدھ 1 جولائی 2020 12:20

ٹرمپ کی جارج واشنگٹن کی یادگار کی توڑپھوڑ کرنے والوں کو10سال قید کی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں امریکا میں متعدد مجسموں اور یادگاروں کو نقصان پہنچانے والی تخریب کاری کی کارروائیوں پر بار بار تنقید کی ہے۔ انہوں نے یادگاروں کی توڑپھوڑ کرنے والوں کو تخریب کار قرار دیا ہے اور کہاہے کہ ایسے عناصر سے اپنی کارروائیوں کا حساب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹیوٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ مین ہٹن میں واقع جارج واشنگٹن کے یادگاری مجسمے پر رنگ پھینکے اور اس کی توڑپھوڑ کرنے والوں کا تعاقب جاری ہے۔ ایسے تخریب کار عناصر کومعاف نہیں کیا جائے گا۔ ہمارے پاس ان کی کارروائیوں کی پوری ریکارڈنگ موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوادرات اور مجسمے ایکٹ کی بنیاد پر ان پر مقدمہ چلایا جائے گا اور انہیں 10 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اب اپنے آپ کو ہمارے حوالے کرو۔