متحدہ عرب امارات میں یومیہ کورونا کیسز کم ہونے لگے

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناکے صرف 402 کیسز رپورٹ ہوئے، مجموعی طور پر38 ہزارمریض صحت یاب ہوگئے ہیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 1 جولائی 2020 23:18

متحدہ عرب امارات میں یومیہ کورونا کیسز کم ہونے لگے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں، جبکہ یومیہ کیسز کی گنتی بھی گھٹ رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 402 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی49,069 ہو گئی ہے۔

جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی گھٹ کر 11ہزار کے لگ بھگ رہ گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 594 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے 38,160 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے صرف دو ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 316 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک مجموعی طور پر35 لاکھ کے لگ بھگ افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔

دوسری جانب فیڈرل اتھارٹی آف آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن اور مقامی افراد کو 7 مخصوص وجوہات کی بناء پر مملکت سے باہر سفر کرنے کی اجازت ہے۔ فیڈرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر دستیاب ’ایگزٹ رجسٹریشن سروس‘ کے ذریعے امارات سے باہر سفر کرنے کا پرمٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مملکت سے باہر سفر کرنے کے خواہش مندوں کو میڈیکل ٹریٹمنٹ، تعلیم، ملازمت، کاروبار، تفریحی مقاصد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ جبکہ جو اماراتی مملکت سے باہر مقیم ہیں، انہیں بھی واپس جانے کی اجازت ہے۔ بیرون ملک سفر کے لیے پرمٹ کی خاطر اپلائی کرنے کے لیے 50 درہم کی ناقابل واپسی فیس جمع کرانی ہو گی۔ جبکہ درخواست کے ساتھ اماراتی آئی ڈی، رہائشی پرمٹ اور کارآمد پاسپورٹس کی کاپیوں کے علاوہ مملکت سے باہرجانے کی وجہ ٹھوس کاغذی ثبوت کے ساتھ منسلک کرنا لازمی ہو گی۔

ہر کیٹگری کے لیے درخواست دیتے وقت متعلقہ دستاویزات بھی جمع کرانی ہوں گی۔ اگر کوئی شخص سرکاری خرچے پر علاج کی خاطر امارات سے باہر جانا چاہتا ہے تواسے سرکاری میڈیکل کمیٹی کے اجازت نامے کی کاپی پیش کرنی ہو گی، جبکہ اپنے ذاتی خرچے پر مملکت سے باہر علاج کرانے کے خواہش مندوں کو میڈیکل کمیٹی کی سفارشات پر مبنی دستاویز پیش کرنی ہو گی۔