نئی پیداواری ٹیکنالوجی سے چنا ،مسور ، ماش کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایاجاسکتاہے، ماہرین زراعت

جمعرات 2 جولائی 2020 14:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کہاہے کہ اہم دالوں کی ملکی ضروریات درآمد سے پوری کی جاتی ہیں لہٰذا اگرکاشتکاروں میں نئی پیداواری ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے تو دالوں کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایاجاسکتاہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ چنا ، مسور ، مونگ ، ماش پنجاب میں کاشت کی جانیوالی اہم دالیں ہیں لیکن مونگ کے علاوہ چنا ،مسور ، ماش کی ملکی ضروریات درآمد سے پوری کی جاتی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکاروں کو نئی اور زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کی کاشت سمیت نئی پیداواری ٹیکنالوجی سے روشناس کرواکر جہاں دالوں کی مجموعی ملکی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایاجاسکتاہے وہیں ان دالوں کی امپور ٹ پر خرج کئے جانے والے کثیر زر مبادلہ کی بھی بچت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ دالیں ہماری خوراک کا اہم حصہ ہیں جو سستے داموں پروٹین مہیاکرنے میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتیں نیز انسانی خوراک کو غذائیت کے اعتبار سے بہتر اور متوازن بنانے سمیت بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے بھی دالوں کی پیداوار میں اضافہ اشد ضروری ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ دالیں پھلی دار اجناس کے خاندان سے تعلق رکھنے کے ناطے ہوا سے نائٹروجن حاصل کرکے جڑوں پر موجود منکوں کے ذریعے زمین میں داخل کرکے پودوں کیلئے دستیاب بناتی اور زمین کی زرخیزی کو بحال رکھتی ہیں۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ محکمہ زراعت اس ضمن میں اپنے تما م وسائل بروئے کار لائے گا۔