لیبیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح اہم دورے پر ماسکو پہنچ گئے

روسی وزیر خارجہ سرگئی،مشرق وسطی کے لیے روسی صدر کے خصوصی نمائندے سے ملاقات کریں گے

جمعہ 3 جولائی 2020 16:22

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) لیبیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح ماسکو میں مختلف شخصیات سے ملاقات کر یں گے ۔ ان شخصیات میں روسی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی سربراہ ویلنٹینا میٹفینکو شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز صالح روسی دارالحکومت پہنچے ،توقع ہے کہ وہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور مشرق وسطی کے لیے روسی صدر کے خصوصی نمائندے میخائیل بوگدانوف سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل ماسکو نے اپریل میں پیش کردہ عقیلہ صالح کے منصوبے کے لیے سپورٹ اور مدد کا اعلان کیا تھا۔ یہ منصوبہ فائر بندی اور قومی مکالمے کے آغاز سے متعلق ہے۔ روس نے اس منصوبے کو لیبیا میں قومی مکالمہ شروع کرنے کے لیے ایک اچھی بنیاد قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایسا مکالمہ جس میں تمام سیاسی اور سماجی قوتیں شامل ہو کر لیبیا کے بحران کا تصفیہ تلاش کریں۔

عقیلہ صالح کے مشیرفتحی المریمی نے روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیبیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ماسکو کے دورے کے سفارتی، اقتصادی اور عسکری تین پہلو ہیں۔المریمی کے مطابق پر امن حل کے منصوبے جن میں اعلانِ قاہرہ اور برلن کانفرنس کے نتائج سرفہرست ہیں، دورے کے مرکزی عنوانات میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ ترکی لیبیا میں قومی فوج کے خلاف لڑائی میں وفاق حکومت کو سپورٹ کر رہا ہے۔ وفاق حکومت نے لیبیا کے حل کے لیے مصری منصوبے کو مسترد کر دیا تھا۔ اس منصوبے کے سلسلے میں عقیلہ صالح، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور لیبیا کی فوج کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر کے شانہ بشانہ شریک تھے۔