بشارالاسد نے ماموں زاد رامی مخلوف کے مزید پر کاٹ دئیے

رامی مخلوف کے بشارالاسد کے ماتحت خیراتی اداروں کے ساتھ تعلق ختم کر دئیے ،عرب ٹی وی

ہفتہ 4 جولائی 2020 11:50

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) شام کے صدر بشار الاسد اور ان کے ماموں زاد اور عالمی سطح پر کرپشن کی وجہ سے بدنامی کی حد تک شہرت رکھنے والے رامی مخلوف کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے بعد بشارالاسد نے رامی مخلوف کو اپنے ماتحت خیراتی ادارے العرین سے الگ کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماضی میں ایک دوسرے خیراتی ادارے البستان میں ایک اہم ذمہ داری نھبانے والے مخلوف کو اس تنظیم سے بھی الگ کر دیا گیا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق شام میں ہیومینٹری فانڈیشن العرین نے اسد فوج کی طرف سے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو مالی گرانٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی معاون فورس کے زخمیوں کو مالی گرانٹ تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ مذکورہ گرانٹس میں زخمی ہونے والے عام شہریوں کے لیے بھی محدود حصہ رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

العرین فانڈیشن شامی حکومت کے صدر بشار الاسد کی براہ راست نگرانی میں کام کررہی ہے۔

بشارالاسد اور رامی مخلوف کے درمیان اختلافات ایک ماہ قبل سامنے آئے اور اس کے بعد ہی العرین فائونڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔العرین نے اپنے قیام کے لمحے سے ہی تیزی سے کام کرنا شروع کردیا اور ایک سے زیادہ شامی گورنریوں میں شامی فوج کے متاثرہ خاندانوں کے بارے میں گھر گھر جا کر معلومات اکھٹی کیں۔ اس کے بعد اس نے براہ راست متاثرین میں امداد تقسیم کرنا شروع کردی۔

پچھلے ہفتوں میں اسد اور اس کے کزن بزنس مین رامی مخلوف کے مابین امداد کی جنگ دیکھنے میں آئی ہے۔ انھوں نے گذشتہ اپریل کے آخر سے ہی حکومت کے ساتھ مالی نظام سے اپنے اختلافات کا اعلان کیا تھا۔ رامی مخلوف البستان تنظیم میں اہم عہدے پر تھے۔ اگرچہ یہ تنظیم بھی براہ راست صدر اسد کے ماتحت تھی مگر اس میں رامی مخلوف کو کام کے مکمل اختیارات حاصل تھے۔