بھارت میں24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 22 ہزار نئے کیسز

مغربی اور جنوبی علاقوں میں وائرس کا پھیلاﺅ مون سون کی شدید بارشوں کے دوران سامنے آیا ہے. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 4 جولائی 2020 16:18

بھارت میں24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 22 ہزار نئے کیسز
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جولائی ۔2020ء) بھارت میں ایک ہی دن میںکورونا وائرس کے ریکارڈ 22 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 442 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ملک کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں وائرس کا پھیلاﺅ مون سون کی شدید بارشوں کے دوران سامنے آیا ہے. برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر جس کا دارالحکومت گنجان ترین اور معاشی حب سمجھے جانے والا شہر ممبئی ہے وہاں کورونا کیسز کی سب سے بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی.

مہاراشٹر میں آج(4 جولائی) کو کورونا کے مزید 6 ہزار 364 بئے کیسز سامنے آئے اور اس وائرس کے باعث ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے مزید 198 افرا لقمہ اجل بنے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکا اور برازیل کے بعد بھارت دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا چوتھا ملک ہے جہاں مجموعی طور پر 6 لاکھ 25 ہزار 554 افراد وائرس کا شکار بن چکے ہیں عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز پر نظر رکھنے والی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کووِڈ 19 کے 18 ہزار 655 مریض ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 60 فیصد کے قریب یعنی 3 لاکھ 94 ہزار 227 ہے.

ادھر ممبئی میں حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے اس لیے ساحلی مقامات سے دور رہیں ماہرین کا کہنا تھا کہ مون سون برسات سے شہر کے مئی حصوں میں پانی کھڑا ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس کی روک تھام کی کوششیں متاثر اور اس کے نتیجے میں انفیکشن کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے.

دوسری جانب جنوبی ریاست تامل ناڈو بھارت میں کورونا سے دوسری سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں یاد رہے کہ بھارت نے وائرس کا پھیلاﺅ رکنے کے لیے 10 مارچ سے دنیا کا سب سے سخت لاک ڈاﺅن نافذ کیا تھا جس میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مرحلہ وار نرمی کی گئی. ماہر وبائیات نے خبردار کیا ہے کہ بھارت میں کورونا کا عروج آئندہ ہفتوں یا مہینوں میں سامنے آسکتا ہے جس کی وجہ سے ملک کا نظامِ صحت جو پہلے ہی خاصہ بوجھ برداشت کررہا ہے مزید دباﺅ میں آجائے گا.

واضح رہے گزشتہ برس دسمبر میں چین سے پھیلنے والی عالمی وبا دنیا کے 188 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے اور اب تک تقریباً ایک کروڑ 11 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں دنیا بھر میں اس وائرس کے باعث 5 لاکھ 25 ہزار 491 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 58 لاکھ 89 ہزار سے زائد ہے.