ٹائیگر فورس کی کارکردگی کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں، ڈی سی قصور

ہفتہ 4 جولائی 2020 16:39

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر قصورمنظر جاوید علی نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ٹائیگر فورس کے نوجوان اس مشکل گھڑی میں سرکاری اداروں کیساتھ ملکر ضلع میں احساس امداد پروگرام ، پرائس کنٹرول ، نہری پانی چوری کی روک تھام ، یوٹیلی سٹورز ، پٹرول کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی ، ناجائز تجاوزات کے خاتمے ، کلین اینڈ گرین پروگرام ، ڈینگی سرویلنس ، ٹرانسپورٹ ایس او پیز پر عملدرآمد اور بازاروں اور مارکیٹوں میں کرونا سے بچائو کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے حوالے سے خدمات سرانجام دے رہی ہے اور انکی کارکردگی کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی سی آفس قصورمیںضلع میں ٹائیگرفورس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر قصور نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ٹائیگر فورس کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور آئندہ شروع ہونیوالے تمام حکومتی منصوبہ جات میں انہیں فرائض تفویض کئے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمہ جات ٹائیگر فورس کے حوالے سے اپنا تحصیل لیول پر ایک فوکل پرسن تعینات کریں تا کہ ٹائیگر فورس کے رضا کار متعلقہ تحصیل میں ہی اپنی خدمات سرانجام دے سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اہلکاروں کو جلد ایک خصوصی کارڈ اور جیکٹ فراہم کی جائینگی تا کہ وہ اپنا کام بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں ۔ اس موقع پر انتظامی افسران نے اپنی اپنی تحصیلوں میں ٹائیگر فورس کی کارکردگی اور افادیت کے بارے میں بھی بریف کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد کاشف ڈوگر ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز قصور انعم زید ، چونیاں عدنان بدر ، پتوکی آصف علی ڈوگر ، کوٹ رادھاکشن نازیہ موہل ، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر زبیر انجم خان ، کورونا ٹائیگر فورس ضلع قصور کے تحصیل و ضلعی کوآرڈنینٹر زندیم ہارون خان ، چوہدری شبیر ، ظہیر شمسی ایڈووکیٹ اور دیگر نے شرکت کی ۔