وزیراعلی سندھ نے انفیکشن ڈیزیز ہسپتال کا افتتاح کردیا

پیر 6 جولائی 2020 00:10

کراچی۔5 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 200 بستروں پر مشتمل سندھ انفیکشن ڈزیز اسپتال کا افتتاح کیا جو54 بستروں کے ساتھ باضابطہ آپریشن شروع کرے گا اور آئندہ 6 ہفتوں میں یہ اسپتال 200 بستروں کی گنجائش کے ساتھ کام کرے گا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ بھی تھے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں اس اسپتال کا ریسرچ سینٹرز کی حیثیت سے درجہ بڑھا رہا ہوں تاکہ کورونا وائرس اور اس طرح کی دیگر امراض میں ضروری تحقیق کی جاسکے، لہذا اب اس کا نام سندھ انفیکشن ڈزیز اسپتال اور ریسرچ سینٹر ہوگا۔ وبائی امراض سے منسوب اس 400 بستروں پر مشتمل اسپتال کو11736.359 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اسے انفیکشن ڈزیز اسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے لئے ایک خصوصی گرانٹ جاری کی تاکہ اسے فعال بنانے کا کام جاری رہے۔اسپتال کا بلاک اے اور بی مکمل ہوگیا ہے، ابھی بلاک سی سمیت گرائونڈ پلس پانچ منزلہ عمارت مکمل ہونا باقی ہے۔سید مراد علی شاہ نے انتظامات کا کام ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے حوالے کیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے دو اسپتال قائم کر دیئے ہیں اور اب ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں اسپتال قائم کیے جائیں گے۔