سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں ایس پیز ریلوے ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد

منگل 7 جولائی 2020 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں ایس پیز ریلوے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اظہر رشیدخان اور ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔

ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیزنے فرداً فرداً اپنی کارکردگی کے متعلق آئی جی ریلوے کو بریفنگ دی۔ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ ریلوے مسافروںکی جان و مال اور ریلوے تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنا ریلوے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم ریلوے پولیس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور میری یہ خواہش ہے کہ ہمارے عملی اقدامات سے محکمہ کا وقار بلند ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ ریلوے پولیس میں کرپشن کرنے والے افسران کے لئے کوئی جگہ نہیں اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے ۔ مزید آئی جی ریلوے نے ریلوے پولیس کی تما م ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کروانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں محکمہ ریلوے کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔

ریلوے میٹریل چوروں کے خلاف بھر پور کارروایاں کی جائیں اور ٹکٹ لیس مسافروں کے خلاف بھی موثر پالیسی کو اپنایا جائے۔ ریلوے پولیس ملازمین کی ویلفیئر کی جانب خصوصی توجہ دیتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس نے احکامات جاری کئے کہ ملازمین کی ٹائم فریم کے مطابق پروموشن کویقینی بنایا جائے اور ان کے جائز مسائل کو بھی فوری طور پر حل کیا جائے۔