آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ہائی وے پٹرول کی بروقت کاروائیاں،

پندرہ روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 617،ناجائز اسلحہ رکھنے پر351 اور منشیات کے جرائم میں 162مقدمات درج کئے گئے

بدھ 8 جولائی 2020 22:26

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ہائی وے پٹرول کی بروقت کاروائیاں،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے ویژن اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی)کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) کی ہدایات پر پی ایچ پی کی جانب سے شاہرات پر عوام کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تیز ترکاروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں پی ایچ پی ہیڈ کوارٹر نے پندرہ روز کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ہائی وے پٹرول نے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ ہفتوں کے دوران اپنے عزم’’محفوظ شاہرات محفوظ عوام‘‘ کو اچھے طریقے سے نبھایا اور شاہرات پرلوگوں کی ہر لحاظ سے مدد کی۔ پنجاب ہائی وے پٹرول کی مختلف برانچوں نے ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کو بڑھانے کیلئے مختلف ہیڈز کے تحت پراجیکٹس کا کام کیا جسکی تفصیل درج دیل ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب ہائی وے پٹرول نے تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 617،غیر قانونی ،جعلی اور سبز نمبر پلیٹ پر181، ناجائز اسلحہ رکھنے اور نمائش پر351 اور منشیات کے جرائم میں 162مقدمات درج کئے اورملزمان کے قبضہ سے 1749 لیٹر شراب، 36 کلو 721 گرام چرس اور 900گرام حشیش برآمد کی جبکہ ناجائز اسلحہ کی مد میں ملزمان سے 13 کلاشنکوف، 21رائفلز،13گنز،101پسٹلز، 22کارتوس،30میگزین اور1348گولیاں برآمدکیں۔

دریں اثناء پنجاب ہائی وے پٹرول نے 69اشتہاری اور10عدالتی مفروران کوبھی گرفتار کیا۔علاوہ ازیں پٹرولنگ پولیس نی519سڑک استعمال کرنے والے مسافروں کو دوران سفرمدد فراہم کی، 14 گمشدہ بچوں کوانکے والدین سے ملوایا جبکہ پٹرولنگ پولیس نے تجاوزات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئی374عارضی تجاوزات ختم کروائیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران بھی پی ایچ پی اہلکار اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر فرائض منصبی کی ادائیگی کا سلسلہ فرض شناسی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اور بے لوث خدمت پی ایچ پی کا نصب العین ہے۔