جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری

جمعرات 9 جولائی 2020 13:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے لائرز فائونڈیشن فارجسٹس کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے تقرریاں کرتے وقت قانون کی پاسداری نہیں کی،گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد دونوں افسروں کی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعیناتی کا حکم جاری کیا گیا ہے،حکومت کی جانب سے ابھی تک جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے علاقائی حدود کا تعین نہیں کیا گیا۔آئین وقانون کے مطابق صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کی منظوری کے بعد ہی ترمیمی بل صدر مملکت کو بھجوایا جا سکتا ہے، آئین کے آرٹیکل 239 میں آئینی ترمیم کے بغیر یہ تقرریاں کی گئی ہیں۔

استدعا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے اوردرخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکا جائے۔