پاکستان کرکٹ ٹیم کو بالآخر سپانسر مل گیا

1سال کے 20 کروڑ روپے سے بھی کم ادا کیے جائیں گے،جلد اعلان متوقع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 جولائی 2020 11:34

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بالآخر سپانسر مل گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2020ء )  پاکستان کرکٹ ٹیم کو آخرکار سپانسر مل ہی گیا جب کہ سابقہ معاہدے سے بہت کم رقم پر ڈیل فائنل ہوگئی۔ انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم بغیر سپانسر لوگو کے ٹریننگ کر رہی ہے، پی سی بی کا سپانسر شپ کے حوالے سے ایک مشروب ساز ادارے سے تین سالہ معاہدہ7.5 ملین ڈالر(تقریباًایک ارب 25 کروڑ سے زائد روپے) کا تھا، دیگرچھوٹی سپانسر شپس ملا کر مجموعی رقم تقریباً ایک ارب 80 کروڑ روپے بنتی تھی، معاہدے حال ہی میں ختم ہوئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے بورڈ کو اس بار اتنی رقم ملنے کی امید نہیں تھی اس لیے ٹینڈر میں ریزرو پرائس ایک ارب روپے رکھی،حیران کن طور پر اس میں زیادہ دلچسپی سامنے نہیں آئی، ماضی میں جو کمپنی حقوق لے کر آگے فروخت کرتی رہی صرف وہی بڈنگ میں شامل ہوئی، اس نے بھی سابقہ معاہدے کی 33 فیصد رقم کی ہی پیشکش کردی، بورڈ نے اس پر براہ راست سابقہ اسپانسرسے رابطے کا فیصلہ کیا مگر معاملات مذکورہ کمپنی نے ہی طے کیے،ذرائع کے مطابق ایک سال کی 20 کروڑ روپے سے بھی کم رقم ملنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سے گذشتہ برس بورڈ نے معاہدہ کیا تھا جس کے تحت باہمی سیریز میں کھلاڑیوں کے ڈریس پر اس کا لوگو بھی لگا ہوتا ہے، انگلینڈ سے سیریز میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ لوگو سپانسر شپ سے ایک کھلاڑی کو فی ٹیسٹ ساڑھے 4 لاکھ جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں 2 لاکھ 25 ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ کرکٹ بورڈ آئندہ چند روز میں سپانسر شپ معاہدے کا اعلان کرے گا۔