فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کے حوالے سے عالمی بینک کی جانب سے عالمی ویڈیو کانفرنس کا انعقاد

ورلڈ بینک کی پاکستان میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے جاری کردہ ’’وی کئیر‘‘ پروگرام کی ستائش کی گئی ،ڈاکٹر ظفر مرزا کی سربراہی میں فیصلہ کیا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ کئیر ورکرز کی حفاظت کوہیلتھ پالیسی میں بنیادی اہمیت دی جائے گی، ڈی جی ہیلتھ

جمعہ 10 جولائی 2020 14:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کے حوالے سے عالمی بینک کی جانب سے عالمی ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ملک محمد صفی نے عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی،ورلڈ بینک کی پاکستان میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے جاری کردہ ’’وی کئیر‘‘ پروگرام کی ستائش کی گئی ،ہیلتھ ورکرز کے تحفظ پرعالمی بینک کی ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی کارکردگی اور حکمت عملی کی تعریف کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد صفی نے کہاکہ ہیلتھ کئیر ورکرز کا عزم و ہمت کورونا سے نمٹنے میں مدد فراہم کررہا ہے، کانفرنس میں طبی شعبے سے وابستہ افراد کو لاحق خطرات اور انکے حل بارے گفتگو کی گئی، ڈی جی ہیلتھ نے کہاکہ عالمی کانفرنس میں پاکستان کے وی کئیر پروگرام کی ستائش کی گئی اور ہیلتھ کئیر ورکرز کی حفاظت کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا۔ ڈی جی ہیلتھ کے مطابق کورونا کی صورتحال میں تربیت یافتہ ہیلتھ کئیر ورکرز کی قلت کو اجاگر کیا۔ ڈی جی ہیلتھ کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا کی سربراہی میں فیصلہ کیا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ کئیر ورکرز کی حفاظت کوہیلتھ پالیسی میں بنیادی اہمیت دی جائے گی۔