نیپال کے کیبل آپریٹروں نے بھارتی نیوز چینل کی نشریات روک دیں

جمعہ 10 جولائی 2020 18:31

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) نیپال کے کیبل آپریٹروں نے حکومت اور وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے پربھارتی نیوز چینلز کی نشریات روک دی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیپال میں ملٹی سسٹم آپریٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل دوردرشن کے سوا تمام بھارتی نیوز چینل نیپال میں نشر نہیں ہوں گے۔

میگا میکس ٹی وی کے وائس چیئرمین دھروبہ شرما نے بتایا کہ کیبل آپریٹرز نے اس سلسلے میں فیصلہ جمعرات کوکیاتھا۔ نیپال کی طرف سے جاری کئے گئے نئے نقشے جس میں کالا پانی ،لیپو لیک اور لمپیادھورا کو کو ملک کا حصہ دکھایا گیا ہے پر دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کے دوران صحافتی اخلاقیات کی کوئی پرواہ کئے بغیر بھارتی نیوز چینل نیپال سے متعلق گمراہ کن خبروں کو نشر کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جب بھارتی نیوز چینل صحافتی اخلاقیات کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں ہم نے دوردرشن کے سوا باقی تمام بھارتی نیوز چینلز کو بند کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو ان بھارتی چینلوںکی آن لائن نشریات معطل کرنے کیلئے بھی پالیسی متعارف کرانی چاہیے ۔ادھر نیپال میں سیاسی جماعتوں ، صحافیوں ، سول سوسائٹی اور دانشور برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سوشل میڈیا پر خاص طور پر زی نیوز پروزیر اعظم کے پی اولی اورچین کے نیپال میں سفیر کے حوالے سے چلائے جانے والے حالیہ خیالی اور تضحیک آمیز پروگرام پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔