متحدہ عرب امارات کرونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب

دبئی کے بعد ابوظہبی کے تمام نجی ہسپتال بھی کورونا فری قرار دے دیے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 10 جولائی 2020 21:42

متحدہ عرب امارات کرونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات کرونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب، دبئی کے بعد ابوظہبی کے تمام نجی ہسپتال بھی کورونا فری قرار دے دیے گئے، تفصیلات کے مطابق جمعہ کے دن متحدہ عرب امارات کے مزید نجی اسپتالوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے تمام صحتیاب مریضوں کو فارغ کرنے کے بعد کوویڈ فری ہوگئے ہیں۔ جمعہ کے روز ٹویٹر پر ابوظہبی میڈیا آفس نے اپنے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ برجیل میڈیکل گروپ اور این ایم سی ہیلتھ کیئر کے ساتھ ساتھ عین الخلیج اسپتال اب کورونا کیسز سے پاک ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ فی الحال یہ ہسپتال مریضوں کو خصوصی اور صحت سے متعلق مکمل خدمات فراہم کرتی رہتی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سانس کی تکلیف میں مبتلا افراد کو کورونا کے لئے مخصوص کردہ خصوصی ہسپتالوں میں جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل دبئی میں بھی کورونا کے تمام ہسپتال بند کر دیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز دبئی کی سپریم کمیٹی آف کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے چیئرمین شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم نے اسپتال کا دورہ کیا جس کے بعد اسے بند کردیا گیا۔

انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں دبئی کی قیادت اور فرنٹ لائن ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔ خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسزمیں دوبارہ کمی آ گئی ہے۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 473 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی54,050 ہو گئی ہے۔جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 10 ہزار سے زائد ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے399 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے43,969 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے 2افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی330 ہو گئی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران کورونا کے مزید47 ہزار ٹیسٹ لیے گئے۔ اب تک مجموعی طور پر36 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں