اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر انتظام قائد تحریک اسلامی سید منور حسن رحمہ اللہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر انتظام دنیائے اسلام کے ایک عظیم سپوت اور قائد تحریک اسلامی سید منور حسن رحمہ اللہ کی یاد میں آن لائن تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ہوا، جس کے مہمان خصوصی شہر کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن صاحب تھے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 13 جولائی 2020 11:20

اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر انتظام قائد تحریک اسلامی سید منور ..
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2020ء،نمائندہ،خصوصی،محمد عرفان شفیق) اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر انتظام دنیائے اسلام کے ایک عظیم سپوت اور قائد تحریک اسلامی سید منور حسن رحمہ اللہ کی یاد میں آن لائن تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ہوا، جس کے مہمان خصوصی شہر کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن صاحب تھے۔ کارکنان و احباب کی کثیر تعداد کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے سید منور حسن رحمہ اللہ کی زندگی کے روشن پہلووں پر نہ صرف گفتگو کی بلکہ انکی جدوجہد سے بھرپور زندگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، ریفرنس کے کمپیئر جنرل سیکرٹری اسلامک ایجوکیشن کمیٹی محمد انعام نے عمدگی سے پروگرام کو پیش کیا۔

اعظم حسین نے قرآن پاک کے بابرکت کلام سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی کلمات میں صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی حافظ حفیظ الرحمن نے سید منور حسن صاحب کی زندگی پر روشنی ڈالی اور ان دنوں کو یاد کیا جب وہ ان کے ساتھ منصورہ میں ہوتے تھے۔ مہمان خصوصی نعیم الرحمن صاحب نے محترم منور حسن رحمة اللہ علیہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بہت خوبصورت انداز سے روشنی ڈالی، ان کی عزیمت کی زندگی کے واقعات، جب وہ بیان کر رہے تھے تب بہت ساری آنکھیں شدت جذبات سے بار بار بہہ رہی تھیں۔

ایسی سعادت کی زندگی یا اللہ سب کو عطا فرما، یقیناً منور حسن مرحوم صاحب کی زندگی ہر اس شخص کے لیے مشعل راہ ہے جو تحریک اسلامی کو اپنا مشن سمجھتا ہے۔ دیگر مقررین میں انڈین مسلم ایسوسی ایشن کے صدر پرویز شموئیل، اطہر علی خان، کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر رانا اعجاز، پاکستان عوامی سینٹر کے صدر ڈاکٹر جہانزیب، پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے صدر عرفان عادل ،ریڈیو کویت کے عبداللہ عباسی، پاکستان سے اخلاق احمد نے اپنے خطاب میں سید منور حسن رحمہ اللہ کی زندگی کو ایک کامیاب انسان کی زندگی قرار دی اختتام میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے قائم مقام صدر مولانا محمد کمال نے کہا کہ سید کی زندگی کے سارے پہلووں پر جو گفتگو ہوئی وہ یقیناً قابل عمل اور قابل تقلید ہیں۔

ہمارے لیے انکی زندگی میں ایک زبردست سبق پوشیدہ ہے۔ آخر میں مشتاق احمد نے نہایت رقت آمیز انداز میں دعائے مغفرت کرائی، ایک نہایت پروقار اور سید منور حسن رحمہ اللہ کے شایان شان ایک تقریب پرسوز دعا کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔