سکھر انتظامیہ کی ناقص پالیسی، نکاسی آب کا نظام درست نہ ہوسکا، شاہراؤں پر نکاسی کیلئے جنریٹر رکھ کے نکاسی کا کام جاری،شہریوں کو آمد رفت میں مشکلات کا سامنا، مئیر سکھر سے نوٹس لینے کا مطالبہ

منگل 14 جولائی 2020 22:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2020ء) سکھر انتظامیہ کی ناقص پالیسی، نکاسی آب کا نظام درست نہ ہوسکا، شاہراؤں پر نکاسی کیلئے جنریٹر رکھ کے نکاسی کا کام جاری، شہریوں کو آمد رفت میں مشکلات کا سامنا، مئیر سکھر سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سکھر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ناقص پالیسیوں اور خطیر رقم خرچ کئے جانے کے باوجود شہر میں نکاسی آب سسٹم درست نا ہوسکا ہے سکھر انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز، رہائشی علاقوں میں ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کے بعد شہر کی سڑکوں پر بھی آئے روز نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونا معمول بنتا جارہا ہے لیکن افسوس سکھر انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے شہر کے نکاسی آب نظام کو بندر روڈ پر ڈالے جانے والے نالوں سے منسلک کرنے کیلئے سڑکوں پر جنریٹر اور گاڑیاں کھڑی کرکے نکاسی آب کا عمل شروع کردیا گیا ہے بندر روڈ سے زیرو پوائنٹ تک نکاسی کیلئے تین سے پانچ جنریٹر لگائے گئے ہیں جس کی مد میں سرکاری خزانے کو ڈیزل کے نام پر روزانہ ہزاروں روپے کا چونا لگایا جارہا ہے سڑکوں پر جنریٹر رکھے جانے اور پائپ کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل سمیت شہریوں بلخصوص مسافر گاڑیوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہاہے شہریوں نے میونسپل انتظامیہ سمیت پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران کی نااہلی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سکھر کے منتخب نمائندگان ، مئیر سکھر ، کمشنر سکھر ، ڈپٹی کمشنر و دیگر بالا حکام شہر میں نکاسی آب سسٹم کے ناکارہ ہونے کا نوٹس لیکر شہریوں کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

#